شاہ رخ خان کو شادی پر کیوں نہیں بُلایا؟ مداحوں کا ماہرہ سے سوال
کراچی(قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے گزشتہ روز اپنے قریبی دوست اور بزنس مین سلیم کریم سے دوسری شادی کرلی ہے جس کے بعد صارفین شادی میں شاہ رخ خان کے شریک نہ ہونے کی وجہ پوچھ رہے ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان کی شادی کی تقریب سیاحتی مقام بھوربن کے ایک ہوٹل میں ہوئی جس میں اُن کے اہلخانہ، رشتہ داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی جبکہ تقریب میں رازداری کا بھی خصوصی طور پر خیال رکھا گیا تاکہ اس جوڑے کی تصاویر سوشل میڈیا پر لیک نہ ہوسکیں۔
ماہرہ خان اپنی شادی کے دن سفید رنگ کے ایک مہنگے لہنگے میں ملبوس تھیں جبکہ اُن کے دولہا میاں سلیم کریم نے سیاہ شیروانی زیب تن کی ہوئی تھیں، اس جوڑے کی شادی کی تقریب کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے پوچھا کہ ‘ماہرہ خان کی شادی پر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کیوں نہیں آئے؟’
ماہرہ خان نے اپنی پہلی ڈیبیو بالی ووڈ فلم شاہ رخ خان کے ساتھ کی تھی، اُنہوں نے فلم ‘رئیس’ میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم کے بعد سے مداح ایک بار پھر شاہ رخ خان اور ماہرہ کو ایک ساتھ دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے جہاں شاہ رخ خان سے متعلق سوال کیے تو وہیں ماہرہ خان کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا کہ اُنہوں نے اپنی شادی پر بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کو کاپی کیا ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ ‘فوراََ پرینیتی چوپڑا کو کاپی کرلیا’، جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ‘ماہرہ خان تو بھارت کو کاپی کرنے میں پرو ہیں’۔
صائمہ نامی صارف نے سوال کیا کہ ‘یہ بھارتی اداکاروں کو کاپی کیوں کرتے ہیں؟ ان پر یہ ججتا نہیں ہے’، جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ‘یہ بھارتیوں کو کاپی کرتے کرتے ہی اپنی زندگی گزار دیں گے’۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی شای سال 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جن سے اداکارہ کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے لیکن اُن کی پہلی شادی صرف 8 سال تک رہ سکی اور 2015 میں طلاق ہوگئی۔
ماہرہ خان اپنی دوسری شادی سے قبل نامور فنکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو میں سلیم کریم کے ساتھ اپنے افیئر کی تصدیق کرچکی تھیں۔