لاہور (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی رہنما، سابق وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ جمہوریت ہر پارٹی اور شہری کا حق ہے لیکن شرپسندوں کا نہیں . یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جمہوریت میں نہیں آتے جو پاکستان کی املاک پر حملہ آور ہوئے .
اُنہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان کے مفادات کے خلاف جائیں . یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حلقہ بندیوں پرکسی کو اعتراض ہو گا تو الیکشن کمیشن سے رجوع کر سکتا ہے . اُنہوں نے کہا کہ جنوری میں انتخابات پر صرف مولانا فضل الرحمان نے اعتراض کیا ہے .
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے قبائل سے بات چیت کی، آپریشن بھی شروع کیا، افغانستان کے 3.5 ملین مہاجرینِ ابھی تک یہاں ہیں . اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان تمام جماعتوں نے مل کر تیار کیا ہے .