عثمان ڈار کے انٹرویو پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا
سلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف عثمان ڈار کے انٹرویو کو ”نئی بوتل میں پرانی شراب“ قراردے دیا۔
پی ٹی آئی کاکہنا ہے کہ 24 روز تک نامعلوم اغوا کاروں کی حراست میں گزارنے کے بعد عثمان ڈار کی رونمائی بلاشبہ خود اغوا کاروں کو بےنقاب کرتی ہے، 10 ستمبر کو کراچی سے جبری طور پر لاپتا کیا گیا جبکہ گزشتہ 5 ماہ کے دوران ان کی رہائشگاہ پر پولیس کے چھاپوں، انکی والدہ اور دیگر خواتین اہلِ خانہ سے بدسلوکی اور ان کی فیکٹری اور رہائشگاہ پرتالے پوری قوم دیکھ چکی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ اس 24 روزہ جبری گمشدگی کے دوران جسمانی و ذہنی تشدد اور جبر کے آثاران کی کانپتی آواز، متذبذب باڈی لینگویج اور بے ربط خیالات سے واضح ہیں۔پی ٹی آئی نے کہا کہ 9مئی کے 5 ماہ بعد 24 روزہ جبری گمشدگی کے بعد انٹرویو کی عوام کی نگاہ میں کوئی اہمیت ہے نہ ہی اس کی کوئی قانونی حیثیت، ہمیں عثمان ڈار سے ہمدردی اور پارٹی کیلئے ان کی وابستگی کا احساس ہے۔