افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں درآمد کی جانے والی متعدد اشیاء پر پابندی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں درآمد ہونے والی متعدد اشیاء پر پابندی لگادی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔وزارت تجارت کی طرف سے ہوم اپلائنسز کی 59 ٹیرف لائنز اور کپڑے کی 17 ٹیرف لائنز کو منفی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔ میک اپ کی 14 اشیاء ، 12 قسم کے ڈرائی فروٹس، ٹائر اور ویکیوم فلاسک کو بھی نیگیٹو لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں اسمگلر پرتعیش اشیاء درآمد کر رہے ہیں۔ دو سال میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 6.7 ارب ڈالر ہوگئی۔ذرائع کے مطابق ٹریڈ میں کپڑے ، چائے کی پتی، ٹائرز، میک اپ کا سامان ، خشک میوہ جات، بجلی کے گھریلو آلات ہوم اپلائنسز اور ویکیوم فلاسک کی درآمد میں اضافہ ہوا ہے۔
3 اکتوبر تک کراچی بندرگاہ پر پہنچ جانے والے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے مال کو ریلیز کیا جائے گا۔ 4 اکتوبر اور اس کے بعد سے آنے مال کی دوبارہ برآمد کی اجازت ہو گی تاہم یہ مال پورٹ سے کلیئر نہیں کیا جائے گا۔