پنجاب

لاہور میں رانگ پارکنگ پر پانچ ہزار روپے جرمانہ


لاہور(قدرت روزنامہ) ہائیکورٹ نے شہر میں غلط جگہ گاڑیاں پارک کرنے والوں کو پانچ ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو تین ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ جرمانہ واسا کے خزانے میں جائے گا، ملک میں پانی کا مسئلہ انتہائی سنجیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ ایل ڈی اے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے رجسٹرار کو احکامات سے متعلق آگاہ کر دے۔جوڈیشل واٹر کمیشن نے تجویز دی کہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو دو ہزار روپے جرمانہ بڑھانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے شہر میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر ایل ڈی اے کے وکیل پر اظہار ناراضگی کیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ اسموگ کا سیزن شروع ہوچکا ہے اس کے لیے چھ ماہ پہلے تیاری کرنی پڑتی ہے، نگراں حکومت کو ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں پتہ نہیں اتنی کیا جلدی ہے، اس حکومت کا کیا مسئلہ ہے سمجھ سے باہر ہے، چار ماہ روک نہیں سکتے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو کام کرنے والے ہیں وہ ہو نہیں رہے، اتنے پروجکٹ کے لیے اربوں روپے پتہ نہیں کہاں سے آرہا ہے۔

متعلقہ خبریں