غیر قانونی مہاجرین کیخلاف کارروائی کے حق میں ہیں: یوسف رضا گیلانی


ملتان (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کارروائی کے حق میں ہیں۔ملتان میں آرٹس کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کی وجہ سے پاکستان میں مسائل پیدا ہوئے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا پالیسی بیان آصف زرداری اور بلاول بھٹو دیں گے، سویت یونین کے حملے کے بعد سے 35 سے 40 لاکھ مہاجرین پاکستان آئے۔انہوں نے کہا کہ آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے علاوہ کسی پر پابندی نہیں، دہشت گردی کی حالیہ لہر سابق دور کی پالیسی کے باعث ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کا مزید کہنا ہے کہ ڈالر اور سونے کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی کم نہ ہونے کا جواب حکومت کو دینا چاہیے، عثمان ڈار کے الزامات پر مؤقف پی ٹی آئی ہی دے سکتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں اپنے پرانے حلقے سے الیکشن لڑوں گا، شجاع آباد کے حلقے سے عبدالقادر گیلانی الیکشن لڑیں گے۔