کراچی؛ لڑکی سے سرعام بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ) سمن آباد پولیس نے لڑکی سے بدتمیزی کرنے والے ملزم کو عزیز آباد تھانے کی حدود سے گرفتار کر لیا ۔ ملزم کی گرفتار سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی ۔ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت آصف ولد پرویز کے نام سے کی گئی ۔ ملزم بھنگوریہ گوٹھ عزیزآباد کا رہائشی ہے اور موٹرسائیکل پر بیکری آئٹم فروخت کرنے کا کام کرتا ہے ۔
ملزم کی لڑکی سے بدتمیزی اور فحش حرکت کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل پر وائرل ہوئی تھی، جس پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے نوٹس لیا تھا اور ایس ایچ او سمن آباد کو حکم دیا تھا کہ ملزم کی گرفتاری میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے ۔ملزم اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوچکا تھا جس کو بعد ازاں سمن آباد پولیس نے تلاش کر کے حراست میں لے لیا تھا ۔
گرفتار ملزم کے خلاف 354/294 کے تحت مقدمہ الزام نمبر 301/2023 سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ۔