سٹہ بازی ایپ کیس: شردھا کپور بھی تفتیش کیلئے طلب


ممبئی(قدرت روزنامہ) آن لائن سٹے بازی کیس میں بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کے بعد بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے شردھا کپور کو بھی تفتیش کے لیے طلب کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق رنیبر کپور اور شردھا کپور کو آن لائن سٹے بازی کیس کے سلسلے میں بھارتی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آج تفتیش کے لیے طلب کیا ہے، یہ دونوں اداکار اُن شخصیات میں شامل ہیں جن سے مہادیو ایپ کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی جو مبینہ طور پر غیر قانونی سٹے بازی کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ رنبیر کپور نے بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کے لیے مزید دو ہفتے کا وقت مانگا ہے جبکہ معروف کامیڈین کپل شرما، اداکارہ ہما قریشی اور حنا خان کو بھی آن لائن سٹے بازی کیس میں تفتیش کے لیے مختلف تاریخوں پر طلب کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنبیر کپور کے علاوہ کم از کم 15 سے 20 مشہور شخصیات تحقیقاتی ایجنسی کے اسکینر کی زد میں ہیں، جن میں بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا، پاکستانی گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، نیہا ککڑ، بھارتی سنگھ، علی اضغر، ٹائیگر شرف اور سنی لیون سمیت دیگر نامور شخصیات شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان نامور شخصیات کو آن لائن سٹے بازی کیس میں ملزم کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا ہے لیکن اُن سے اس ایپ کی تشہیر سے متعلق تفتیش کی جائے گی۔
تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ رنبیر کپور نے مہادیو ایپ کی تشہیر کے لیے کئی اشتہارات کیے ہیں اور ایک بڑی رقم وصول کی ہے جو کہ جرم کی آمدنی سے تھی۔واضح رہے کہ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق کمپنی کے پروموٹرز کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ گیمنگ ایپ کا مرکزی ہیڈ آفس متحدہ عرب امارات میں ہے جہاں سے یہ ایپ چلائی جاتی ہے۔