راولپنڈی؛ شہری سے 25 لاکھ روپے چھیننے والے ملزمان 24 گھنٹے میں گرفتار
راولپنڈی (قدرت روزنامہ)راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی کا 24 گھنٹے میں سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان پولیس کے مطابق پیرودھائی کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری سے 25 لاکھ سے زائد رقم اور موبائل فون چھیننے والے ڈاکوؤں کو 24 گھنٹے میں گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان عمیر اور سلیمان سے 25 لاکھ 7 ہزار روپے، موبائل فون اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے شہری سے چند روز قبل چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان چھینی گئی رقم کو ٹھکانے لگانے کے لیے فرار ہو رہے تھے۔ ملزمان نے پیرودھائی کے علاقہ چھتیس نمبر قبرستان کے قریب سے گن پوائنٹ پر شہری سے واردات کی تھی ۔ متعدد وارداتوں کے انکشاف پرملزمان کوشناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل کیا جارہا ہے۔