ملتان (قدرت روزنامہ)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف الیکشن ہے، اگر شفاف الیکشن نہیں ہوں گے تو سیاستدان اور عوام نتائج نہیں مانیں گے .
سلیم مانڈوی والا نے ملتان کے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف پیپلز پارٹی ہی الیکشن کی ڈیمانڈ کر رہی ہے، تمام پارٹیوں کو چاہیے کے ایک روڈ میپ پر کام کریں .
اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس شارٹ ٹائم میں کوئی حل نہیں تھا، ہمیں پاکستان کا اکنامکس ایجنڈا ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیے، ہمارے مسائل اتنے بڑے نہیں کہ حل نہ ہوسکیں .
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ پاکستان کو چارٹر آف اکانومی کی ضرورت ہے، ڈالر کے خلاف انتظامی ایکشن سے ڈالر مارکیٹ میں آگئے . اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستان کے مفاد اور عوام کے مفاد کی بات کرتی ہے، پاکستان میں مہنگائی بہت زیادہ ہے، ملک میں معاشی استحکام ضروری ہے .
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہمیں مسائل حل کرنے کے لیے ارادے کی ضرورت ہے، میں کسی حکومت کو الزام نہیں دینا چاہتا، ہم الیکشن حکومت بنانے کے لیے لڑیں گے .
اُنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں ہر جگہ سے الیکشن لڑیں گے اور الیکشن لڑنا ہر پارٹی کا حق ہے مگر الیکشن شفاف ہونے چاہیئں . پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اتحاد کی باتیں ابھی قبل از وقت ہیں .