شاید میں چڑیل ہی ہوں، کسی کو کیا معلوم؟ ریا چکرورتی
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ریا چکرورتی کا کہنا ہے کہ شاید میں چڑیل ہی ہوں، شاید مجھے کالا جادو کرنا آتا ہے، کسی کو کیا معلوم؟بھارتی میڈیا کی طرف سے منعقدہ ایک سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ریا نے کہا کہ مجھے ’چڑیل‘ کا لقب پسند آنے لگا ہے، یہ بہت دلچسپ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں چڑیل کون ہوتی تھی؟ وہ لڑکی جو پدر شاہی معاشرے کو تسلیم کرنے سے انکار کردے اور اپنی زندگی اپنی طرح سے گزارے اسے چڑیل کا لقب دے دیا جاتا تھا۔
خیال رہے کہ جون 2020 میں نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی ناگہانی موت کے بعد ریا چکرورتی کا میڈیا ٹرائل سمیت ان کے خلاف عدالتی کارروائی بھی ہوئی تھی۔ ستمبر 2020 میں ریا کو ممبئی کی جیل منتقل کردیا گیا تھا، ان پر سشانت سنگھ کو منشیات فراہم کرنے کا الزام تھا، اداکارہ کو 28 دن بعد ضمانت ملی تھی۔