ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈز کو 287 رنز کا ہدف دیدیا


حیدر آباد، دکن (قدرت روزنامہ)ورلڈ کپ 2023ء کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان 49 اوورز میں 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں گرین شرٹس نے حریف ٹیم کےلیے 287 رنز کا ہدف سیٹ کیا . محمد رضوان اور سعود شکیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68، 68 رنز بنائے .


بھارتی شہر حیدر آباد، دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی . پاکستان کے 10 آؤٹ ہونے والے بیٹر حارث روف تھے، جو 14 گیندوں پر 16 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے، شاہین شاہ آفریدی 13 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے .
اس سے قبل گرین شرٹس کے 9 ویں آؤٹ ہونے والے بیٹر محمد نواز، جنہوں نے 43 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوگئے . پاکستان کی ساتویں اور آٹھویں وکٹیں 44 ویں اوور کی لگاتار دو گیندوں پر گریں، شاداب خان 32 رنز بناکر بولڈ ہوئے تو حسن علی بغیر کھاتا کھولے ہی ایل بی ڈبلیو ہوگئے .
نیدرلینڈز کے باس ڈی لیڈز نے 4، کولن ایکرمن نے 2، وین بیک، پال وین می کرین اور آرین دت نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی . اس سے قبل پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا تاہم 3 اعشاریہ 4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جب فخر زمان 12 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے .
پاکستان کی دوسری وکٹ 8 اعشاریہ 3 اوورز میں 34 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے . قومی ٹیم کی تیسری وکٹ 9 اعشاریہ 1 اوورز میں 38 رنز پر گری، دوسرے اوپنر امام الحق بھی 15 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے .
رضوان اور سعود کی پارٹنر شپ
میچ میں 38 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے شاندار پارٹنر شپ قائم کی اور اس دوران دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں . قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 28 اعشاریہ1 اوور میں 158 رنز پر گری جب سعود شکیل 68 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے .
سعود شکیل نے اپنی اننگ کے ذریعے ٹیم کو سہارا دیا اور اس دوران انہوں نے 52 گیندیں کھیلیں اور اپنی اننگ میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا . پاکستان کی پانچویں وکٹ 182 رنز پر گری جب 31 اعشاریہ 3 اوورز میں محمد رضوان 68 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے .
محمد رضوان نے 75 گیندوں کا سامنا کیا اور انہوں نے اپنی اننگ میں 8 چوکے لگائے . قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ بھی اسی اوور میں 188 رنز پر گری جب افتخار احمد 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے . ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج کے میچ سے ورلڈ کپ کا اچھا آغاز کریں گے .
بابر اعظم نے کہا کہ 290 یا 300 سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے . اس موقع پر نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ پِچ دوسری اننگ میں بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی .
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں . واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی .

. .

متعلقہ خبریں