شادی سب سے مشکل لیکن آسان ترین فیصلہ تھا: ماہرہ خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ہمراہ زندگی کا نیا باب شروع کرنے کے چند روز بعد اسے زندگی کا سب سے مشکل ترین اور بیک وقت سب سے آسان فیصلہ قرار دے دیا۔خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ماہرہ خان کی منیجر اور بھائی نے مختصر ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اداکارہ کی شادی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
شادی کے بعد سے ناصرف پاکستانی بلکہ پڑوسی ملک کے فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے بھی ماہرہ خان کو شادی کی مبارک باد اور دعاؤں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
اب حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ماہرہ خان نے اسٹوری شیئر کرتے ہوئے شادی کے پُر مسرت موقع پر ملنے والی محبتوں اور نیک تمناؤں پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ شکریہ! آپ سب کی محبتوں اور دعاؤں کا بہت بہت شکریہ! میں مسلسل حالتِ شکر میں ہوں الحمد لِلّٰہ۔

ماہرہ خان نے مزید لکھا ہے کہ میں آپ سب کے ساتھ شادی کی مختلف تقریبات و یاد گاروں کو شیئر کروں گی، میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں تھوڑی سست ہوں براہِ کرم مجھے برداشت کریں۔
انہوں نے اپنے ساتھ ساتھ بیٹے اذلان اور شوہر سلیم کریم کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے اور لکھا ہے کہ یہ میری زندگی کا سب سے مشکل لیکن سب سے آسان فیصلہ تھا، مجھے آپ سب سے بہت پیار ہے، سب کی شکر گزار ہوں۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان کی شادی کی پُر وقار و مختصر تقریب مری کے قریب واقع نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی تھی جس میں صرف عزیز و اقارب نے شرکت کی تھی۔شادی کے موقع پر 6 دنوں کے لیے ہوٹل کے 200 کمرے بک کروائے گئے تھے۔
ان کی شادی میں عزیر و اقارب کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری سے گلوکار اذان سمیع، ہدایت کار و اداکار سرمد کھوسٹ، فیشن ڈیزائنر نومی انصاری، میک اپ آرٹسٹ عدنان انصاری، ہدایت کار اور پروڈیوسر مومنہ درید، ان کے شوہر و نجی چینل کے سی ای او درید قریشی سمیت دیگر نے شرکت کی۔