کراچی میں کیش وین سے لوٹی گئے پانچ کروڑ 31 لاکھ روپے برآمد، 4 ملزمان گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ) کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے کیش وین سے لوٹی گئی رقم پانچ کروڑ 31 لاکھ روپے برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نیازی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں بتایا 19 ستمبر 2023 کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کیشن وین کے ڈرائیور ذوہیب نے سیکیورٹی گارڈ کو بہانے سے وین سے اتار کر وین لیکر فرار ہوگیا تھا۔ کچھ فاصلے پر جاکر وین چھوڑ کر 6 کروڑ 35 لاکھ روپے لیکر فرار ہوگیا تھا۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش میں مرکزی ملزم ذوہیب کے بھائی زین کو گرفتار کرکے بھاری رقم برآمد کی تھی ۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے مزید تین ساتھیوں حامد ، عطاالرحمن ، اور عرفان کے بارے میں انکشاف کیا تھا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو ہری پور ہزارہ سے گرفتار کرکے مزید رقم برآمد کی ، ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے مرکزی ملزم ذوہیب اور رشید کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی نے مزید بتایا کورنگی انڈسٹریل ایریا میں قتل کئے گئے میاں بیوی کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسی علاقے میں باپ بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم مقابلے میں مارا گیا۔