‘کورولش عثمان’ کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ


کراچی(قدرت روزنامہ) عالمی شہرت یافتہ ترکش سیریز ‘کورولش عثمان’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار بوراک اوزچیوت عرف عثمان بے نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔تُرک اداکار بوراک اوزچیوت حال ہی میں پاکستان پہنچے ہیں اور گزشتہ روز اُن کا کراچی کے نجی شاپنگ سینٹر میں شاندار استقبال کیا گیا جبکہ بوراک نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی ڈاکٹر مقصود احمد نے بوراک اوزچیوت کا استقبال کیا، ترک اداکار نے ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کراچی کے ہمراہ ایس ایس یو کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس یو کی موجودہ پیشہ وارانہ مہارت اور انتظامات کی تعریف کی۔
بوراک اوزچیوت نے ایس ایس یو کے انتظامی، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی امورمیں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیارکو سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی طرف سے دی گئی پرتپاک مہمان نوازی پر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔بعدازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے بوراک اوزچیوت کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دونوں بوراک نے بتایا تھا کہ ‘وہ رواں ماہ 7 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں’۔ اداکار نے پاکستان آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ‘وہ پاکستانی نجی پرفیوم برانڈ کے برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے پرفیوم کی لانچ پر پاکستان آئیں گے’۔