کراچی؛ دسویں جماعت کی طالبہ کو ہراساں کرنیوالا سرکاری اسکول کا پرنسپل گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ) سعودآباد میں دسویں جماعت کی طالبہ کو ہراساں کرنے والے سرکاری اسکول کے پرنسپل کوپولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
متاثرہ طالبہ کے والد نے پہلے محکمہ تعلیم کی اعلیٰ افسر کو شکایت کی تھی تاہم کوئی کارروائی نہ کی گئی جس پر پولیس کواطلاع دی گئی۔ ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نیازی کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طورپر ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔لڑکیوں کے سرکاری اسکول کا پرنسپل اعظم طالبات کے ساتھ نازیبا حرکات کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق طالبہ کے والد نے درخواست میں بتایا کہ اسکول کا پرنسپل بچیوں کو بھری کلاس میں کمر میں ہاتھ ڈال کر اور ہاتھ پکڑکر بیٹھتا تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
متاثرہ ایک طالبہ کے والد نے پہلے محکمہ تعلیم کو شکایت کی تھی،جس پر کارروائی کے بجائے ملزم کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ملزم ہیڈ ماسٹر نے بدتمیزی کے ساتھ طالبات کو گھنٹوں دھوپ میں کھڑا کرنا شروع کردیا تھا۔ ملزم کی جانب سے طالبات کودھمکیاں دی جا رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ میٹرک نہیں کرنے دے گا۔پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔