پنجاب؛ میٹروبس اور سپیڈوبس سروس کے کرائے میں اضافے کی سمری مسترد
لاہور(قدرت روزنامہ) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میٹروبس اور سپیڈوبس سروس کے کرائے میں 15روپے اضافے کی سمری مسترد کر دی۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں کرائے میں اضافے کی سمری پیش کی گئی تھی۔ نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریونیو میں اضافے کے لیے نئے اور منفرد انداز سے کام کیا جائے۔
لاہور ریلوے اسٹیشن تا گرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد و راولپنڈی پاکستان میٹروبس سروس کے لیے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹروبس ٹریک کی تعمیر و مرمت کا حکم دیا ہے جبکہ قذافی اسٹیڈیم اور شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کی منظوری دی گئی۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹو بسیں چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے الیکٹرک بس سروس کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی تقریباً سوا ارب مسافروں کا ہدف عبور کرچکی ہے اور اتھارٹی 6بس سروس سسٹم آپریٹ کر رہی ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر روزانہ 25ہزار طلبہ مفت سفر کر رہے ہیں، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو حکومت پاکستان کی طرف ڈویلپمنٹ لیڈر شپ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے 24ویں اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری فنانس اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔