زرین خان کے دھوکا دہی کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ


کولکتہ(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کو دھوکا دہی کے مقدمے میں عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ کی عدالت نے دھوکا دہی کے مقدمے میں اداکارہ زرین خان کی گرفتاری کے وارنٹ منسوخ کردئیے۔
کولکتہ کی عدالت نےگزشتہ ماہ 2018 کے دھوکہ دہی کیس میں زرین خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ بالی ووڈ اداکارہ کو متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
اداکارہ زرین خان پر الزام تھا کہ انہوں نے کولکتہ کی ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی سے 6 تقریبات میں شرکت کے لیے ساڑھے بارہ لاکھ روپے وصول کیے تھے تاہم وہ تقریبات میں شریک نہیں ہوئیں۔ زرین خان نے گرفتاری کے وارنٹ سے متعلق لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قانونی ٹیم اس معاملے کو دیکھے گی۔ اداکارہ زرین خان کی مشہور فلموں میں سلمان خان کے ساتھ کی گئی فلم ویر سمیت ہاؤس فل اور دیگر شامل ہیں۔