پنجاب

نوازشریف کی کل سعودی عرب روانگی، چین یا قطر کا دورہ نہیں کرینگے: عرفان صدیقی


لندن(قدرت روزنامہ) سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ نوازشریف کل سعودی عرب روانہ ہوں گے، چین یا قطر کا دورہ نہیں کریں گے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سعودی عرب میں شاہی خاندان سے ملاقاتوں جیسی مصروفیات میرے علم میں نہیں ہیں، نوازشریف عمرہ اداکریں گے، کچھ وقت اپنے بیٹے حسین کے ساتھ گزاریں گے اور زیادہ وقت ان کا مدینہ منورہ میں گزرے گا، نوازشریف کی تقریر عام لیڈر کی نہیں سیاسی مدبر کی ہوگی۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ روانگی سے نواز شریف ایک دو دن قبل متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، نواز شریف یو اے ای سے 21 اکتوبر کو پاکستان روانہ ہو جائیں گے، نوازشریف کے رابطے بہت سے ممالک سے ہیں جن میں دوست ممالک خاص طور پر شامل ہیں، کچھ غیر رسمی رابطے رہے ہیں اور کچھ رسمی رابطے بھی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ دوست ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے، 21 اکتوبر سے پہلے ان کا چین، قطر یا کسی اور ملک کے دورے کا کوئی پروگرام نہیں، ووٹ کو عزت دو کا مطلب یہ ہے کہ پارلیمنٹ کو عزت دو، پارلیمنٹ کی بالا دستی کو تسلیم کرو اور عوام کا حق رائے دہی تسلیم کرو۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنے اصولوں پر سختی سے قائم ہیں، نواز شریف آج بھی پارلیمنٹ کی بالا دستی چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں