مرتضیٰ وہاب کے یو سی 13 کیلئے کاغذاتِ نامزدگی منظور
کراچی (قدرت روزنامہ)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے صدر ٹاؤن یوسی 13 کی نشست پر کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو گئے۔مرتضیٰ وہاب نے صدر ٹاؤن یوسی 13 کی نشست پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے، وہ کراچی کی 3 یوسیز سے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کے علاوہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کرم اللّٰہ وقاصی کے بھی کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔اس حوالے سے مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اس شہر میں ناصرف پیدا ہوا بلکہ یہیں پلا بڑھا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اپنی پارٹی کے ذریعے اس شہر میں کام کرنے کا موقع ملا۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ الزامات سے میں گریز کرتا ہوں، جو لوگ مجھے وڈیرہ کہتے ہیں ان کی پیدائش چیک کرنے کا کہا تھا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی شخص کہیں بھی پیدا ہوا ہو اسے اپنی قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ کراچی کے 4 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات 5 نومبر کو ہوں گے۔