بھارت پاکستانی اداکاروں کا غلط استعمال کرتا ہے: میکال ذوالفقار کا انکشاف


کراچی(قدرت روزنامہ) ماضی میں بالی ووڈ میں کام کرنے والے مشہور پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فلمساز اور پروڈیوسر پاکستانی اداکاروں کا غلط استعمال کرتے ہیں۔حال ہی میں میکال ذوالفقار نے محب مرزا کے شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بھارت میں کام کرنے کے تجربے پر بات کی۔
میکال ذوالفقار نے کہا کہ ‘میں دوبارہ بھارت جاکر کام نہیں کروں گا کیونکہ وہاں کے فلمساز اور پروڈیوسرز پاکستانی اداکاروں کا غلط استعمال کرتے ہیں’۔اداکار نے کہا کہ ‘بھارت میں معروف پاکستانی اداکاروں کو مرکزی کردار نہیں دیے جاتے، ہمیں ایسے کردار دیے جاتے ہیں، جس سے یہ واضح ہو کہ ہم بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی ہیں’۔
اُنہوں نے کہا کہ ‘بالی ووڈ فلموں میں ہمیں ایسے کردار دیے جاتے ہیں جن کی وجہ سے ہماری پاکستان میں بےعزتی ہو’۔میکال ذوالفقار نے پاکستانی اداکاروں کو مشورہ دیا کہ ‘صرف پیسوں کی خاطر بھارت میں جاکر ہرگز کام نہ کریں’۔
اداکار نے اپنی پروڈیوس کردہ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کے حوالے سے کہا کہ ‘میں نے سوچا تھا کہ یہ فلم اچھی کمائی کرے گی لیکن میری سوچ کے مطابق کمائی نہیں کرسکی’۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ‘میں بہت جلد برصغیر کے ایک پہلوان کی زندگی پر فلم بنانے جارہا ہوں جو پاکستان کی تاریخ بڑی فلموں میں سے ایک ہوگی’