جماعت اسلامی نے بجلی بلز میں اضافی ٹیکسز کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف عدالت عظمی سے رجوع کر لیا۔جماعت اسلامی نے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے وفاق، نیپرا سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بجلی ٹیرف کا تعین نیپرا ایکٹ کیخلاف نہیں کیا جاسکتا، کم نرخ پر بجلی فراہم نہ کرنا آئینی خلاف ورزی ہے، ایک طرف ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے بلوں پر ٹیکس بڑھایا جا رہا ہے، دوسری طرف ٹیکسٹائل صنعتیں بجلی کی کمی کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
جماعت اسلامی نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس خلاف قانون ہے، قانون بالکل واضح ہے نیپرا بطور ریگولیٹر پالیسی نہیں بنا سکتی، اس وقت نگران حکومت ہے جو پالیسی فیصلے نہیں کرسکتی، ایسی صورت حال میں عدلیہ ہی واحد ادارہ ہے جو اس معاملے پر نوٹس لے سکتی ہے۔