حوالہ ہنڈی میں ملوث ایک ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل
کراچی (قدرت روزنامہ)سیشن جج شرقی کی عدالت میں حوالہ ہنڈی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ملزم عمیر بٹ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ایف آئی اے نے عدالت میں 2 ملزمان سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کروا دی۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق ملزم بلال احمد کے خلاف دورانِ تفتیش شواہد نہیں ملے اس لیے اسے اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد رہا کر دیا گیا۔عدالت نے حکم دیا کہ کیس کے تفتیشی افسر 19 اکتوبر تک چالان پیش کریں۔
ایف آئی اے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان ٹریڈ ایکسپورٹ کے نام پر حوالہ ہنڈی کا کام کر رہے تھے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ ایف آئی اے نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کو 6 اکتوبر کو پی ای سی ایچ ایس سے گرفتار کیا گیا تھا۔