آئی ایم ایف پلان میں شامل 2 ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بین الاقوامی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر پلان میں شامل 2 ایل این جی پاور پلانٹس کی نج کاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نگراں حکومت کے دوران حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹ کی نج کاری نہیں کی جائے گی، نج کاری کا عمل نگراں دورِ حکومت میں مکمل نہیں ہو سکتا۔
نج کاری کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پاور پلانٹس کی نج کاری کا فیصلہ آئندہ منتخب حکومت کرے گی۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کی نج کاری کی کمٹمنٹ تھی۔
آئی ایم ایف نے پاور پلانٹس سمیت حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا مطالبہ کیا ہے۔اس معاملے سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کی نج کاری نہ ہونے پر آئی ایم ایف اقتصادی جائزے میں سخت مطالبات کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی تجویز تھی کہ پاور پلانٹس کی نج کاری سے زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے۔