پاک بھارت ٹاکرا؛ سلمان خان بھارتی ٹیم کی حمایت کیلئے میدان میں آگئے


ممبئی(قدرت روزنامہ) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت میچ سے قبل بالی ووڈ اسٹار سلمان خان بھارتی ٹیم کو سپورٹ کرنے میدان میں آگئے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سلمان خان کا پاکستان کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کی سپورٹ کے لیے ایک ویڈیو کلپ سامنے آیا ہے جس میں وہ اپنی نئی آنے والی میگا تھرلر فلم ‘ٹائیگر 3′ کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں سلمان خان بھارتی کرکٹرز کو ٹائیگر قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘اس بار، ان 11 ٹائیگرز کا مقابلہ ہوگا، 7 لگاتار جیت کے بعد بھی آٹھویں بار ہوگی کانٹے کی ٹکر’۔


سلمان خان کہتے ہیں کہ ‘یہ کرکٹ کی دشمنی زبردست ہے اور پورے بھارت کو آٹھویں جیت کا انتظار ہے’۔آخر میں سلمان خان ‘8 کا انتظار’ کہہ کر اپنی فلم ‘ٹائیگر 3′ کا ڈائیلاگ ‘جب تک ٹائیگر مرا نہیں، تب تک ٹائیگر ہارا نہیں’ دہراتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی براڈ کاسٹرز نے اس بار آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے جو بھارتی گانا تیار کیا، اُسے ‘8 کا انتظار’ نام دیا گیا ہے، ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت کی پاکستان کیخلاف مسلسل آٹھویں جیت کی علامت بن سکتا ہے، میگا ایونٹ کے مقابلوں میں بھارت نے پاکستان 0-7 سے زیر کیا ہے۔
رواں سال ورلڈکپ کے پروموشنل اشتہار میں بھارتی ریئلٹی اسٹار شہناز گل اور بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا شامل ہیں۔بھارتی گانے سے قبل آئی سی سی کی جانب سے ورلڈکپ کیلئے آفیشل سانگ ریلیز کیا گیا تھا جس کو شائقین کرکٹ کی جانب سے پسند نہیں کیا گیا، اس گانے کو بھارتی اداکار رنویر سنگھ نے گایا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈکپ میں 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
پاک بھارت شائقین سمیت دونوں ممالک کے شوبز ستاروں کو بھی بےصبری سے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کا انتظار ہے۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے بھارت کے تجربہ کار اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور رجنی کانت کو گولڈن ٹکٹ بھی دیا گیا ہے۔