پرابھاس سے ٹکراؤ کا خوف: شاہ رخ کی فلم ‘ڈنکی’ کی ریلیز ملتوی ہونے کا امکان


ممبئی(قدرت روزنامہ) پرابھاس کی میگا تھرلر فلم ’سالار‘ سے باکس آفس پر ٹکراؤ سے بچنے کے لیے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ کی ریلیز ملتوی ہونے کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اُن کی نئی فلم ‘ڈنکی’ رواں سال ‘کرسمس یا نیو ایئر’ کے موقع پر ریلیز ہوگی۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرابھاس کی میگا تھرلر فلم ’سالار‘ کی ریلیز کیلئے بھی 22 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی جو پہلے ہی سے کنگ خان کی ’ڈنکی‘ کیلئے مختص ہے۔
اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ پرابھاس کی فلم ’سالار‘ کی وجہ سے شاہ رخ خان کی فلم ‘ڈنکی’ کی ریلیز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے بھارتی فلمی تجارتی تجزیہ کار منوبالا وجے بالن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ ”ڈنکی’ کی ریلیز کو ملتوی کیا جارہا ہے جس کے بعد اب دسمبر میں صرف پرابھاس کی میگا تھرلر فلم ’سالار‘ ہی ریلیز ہوگی’۔


بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فلم ‘ڈنکی’ کی پوسٹ پروڈکشن تاخیر کا شکار ہے، ڈنکی کی ٹیم 22 دسمبر تک فلم کا کام مکمل نہیں کرسکے گی جس کی وجہ سے فلم کی ریلیز ملتوی کردی گئی ہے تاہم ابھی تک اس حوالے سے ‘ڈنکی’ کے فلمساز یا شاہ رخ خان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ پرابھاس کی فلم کو بلاک بسٹر فلم ’کے جی ایف‘ کے ڈائریکٹر پراشانت نیل بنارہے ہیں جبکہ انہی کی فلم ’کے جی ایف 2‘ کا تصادم بھی شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ سے ہوا تھا۔