پاکستان معاشی بحالی کے سفر پر گامزن، شرح نمو 3.5 فیصد تک بہتر ہوگئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان معاشی بحالی کے سفر پر گامزن ہونے لگا جس کی شرح نمو میں بھی بہتری آرہی ہے۔مالی سال 2024 کے لیے شرح نمو 3.5 فیصد تک بہتر ہوگئی اور 2023 کے لیے یہ شرح 0.3 تھی۔
اگست 2023 تک پاور جنریشن میں 14 فیصد، ڈیزل سیل میں 11 فیصد اور پیٹرول سیل میں 8 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ ستمبر 2023 میں پاکستان کی برآمدات 1.15 فیصد سے 2.40 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی شرح نمو میں 42 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ملک میں کاٹن کی پیداوار 72 فیصد اور گندم کی پیداوار 28 ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے جب کہ چاول کی پیداوار 9 ملین ٹن پہنچنے کے امکانات ہیں۔
ستمبر میں تجارتی خسارے میں 48.2 فیصد تک کمی آئی ہے اور 2 ماہ میں ڈالر کی قیمت میں 50 روپے سے زیادہ کمی ہوئی۔اس کے علاوہ پاکستان آئی ایم ایف، بین الاقوامی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک سے مجموعی طور پر 1.4 ارب ڈالر لے گا۔