عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے، احسن اقبال


نارووال(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور لیگی رہنما نے نارووال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو پی ٹی آئی نے فوج پر حملہ کیا، میں پاکستانی قوم کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، جس نے اس سازش کو ناکام بنا کر ایٹمی پروگرام کو بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن کا میدان جب سجے گا تو ہم پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔ یہ پاکستان کی ریاست سے بڑا بت بنانے کوشش کرتے ہیں تو قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کرکے رکھ دیتی ہے۔ پاکستان ہم سب سے بڑا ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ ہم وزیر اعظم بنیں یا نہ بنیں، پاکستان ہمیشہ رہے گا۔
فلسطین کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہر مسلمان کا دل بوجھل ہے۔ ہم روشنیوں میں امن و سکون سے بیٹھے ہیں لیکن غزہ میں ہمارے فلسطینی بہن بھائی کربلا میں بیٹھے ہیں۔ ان کا پانی بجلی بند ہو چکا ہے۔ گھر موت کے گھاٹ بن چکے ہیں۔ان کے گھروں پر اسرائیل بمباری کر رہا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ یہ وقت پوری امت مسلمہ کا امتحان ہے۔ ایک امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ یہ مذاہب کی جنگ ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف جنگ ہے۔ امریکا کے اندر ایسی لابی موجود ہے جو اسلام دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے ۔