کراچی میں دوہرے قتل میں ملوث ایم کیوایم لندن کا کارکن گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ) سی سی ٹی ڈی پولیس نے سرجانی ٹاؤن بلال کالونی فور کے چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دوہرے قتل میں ملوث ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والےملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سی سی ٹی ڈی پولیس نے سرجانی ٹاؤن بلال کالونی فور کے چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والےملزم محمددانش عرف کالوعرف منصوری ولد عبدالستارکوگرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتارملزم دوہرے قتل میں ملوث ہے۔ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے انکشاف کہ سال 2014 میں سیکٹرکی جانب سے ملنے والی ہدایت پر لیاری گینگ وارسے تعلق رکھنے والے 2 افراد عبدالواحید عرف کالو اوردانش اچہم کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیاتھا جس میں گرفتارملزم اشتہاری ہو گیا تھا۔ سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اپنی گرفتاری کے خوف سے حیدر آباد منتقل ہوگیا تھا اورکچھ عرصہ قبل ہی واپس آیا کہ اسے گرفتار کرلیا گیا۔