بابر اعظم اور آل راؤنڈر محمد نواز نے بھارتی شہری کی خواہش پوری کر دی


بنگلور (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر محمد نواز نے بھارتی شہری کی خواہش پوری کر دی۔قومی کرکٹ ٹیم نے منگل کو آئی سی سی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے بنگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن کیا تاہم بھارتی شہری پرانوو پاکستانی کرکٹرز سے آٹو گراف لینے چنا سوامی اسٹیڈیم آگیا۔
ذرائع کے مطابق پرانوو پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز اور کپتان بابر اعظم کی شرٹس پر سائن کا خواہشمند تھا،اس کے علاوہ پرانوو بابر کے ڈیبیو میچ کے ٹکٹ پر بھی آٹوگراف لینا چاہتا تھا۔
پرانوو نے بتایا کہ 2016 میں یو اے ای میں پاکستانی پلیئرز سے ملاقات ہوئی تھی، پاکستانی پلیئرز سے مل کر ہمیشہ بہت اچھا لگا ہے تاہم ٹریننگ سیشن مکمل کرنے کے بعد بابر اعظم نے بھارتی شہری پرانوو سے ملاقات کی اور اس کی خواہش پوری کرتے ہوئے شرٹ اور ٹکٹ پر آٹوگراف دیا۔
بعد ازاں محمد نواز نے بھی پرانوو کی خواہش پوری کرتے ہوئے شرٹ پر سائن کیا اور تصویر بنوائی،واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈکپ میچ 20 اکتوبر کو بنگلور میں ہوگا۔ گرین شرٹس نے اب تک ایونٹ میں 3 میچز کھیلیں ہیں جس میں 2 میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی۔