واٹس ایپ جلد ہی ان اسمارٹ فونز میں چلنا بند ہوجائے گا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اکتوبر کے آخری دنوں میں متعدد پرانے اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر آپ 9 سے 10 سال پرانے اینڈرائیڈ فون کو استعمال کررہے ہیں تو اسے بدل لیں ، ورنہ چند روز بعد واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
24 اکتوبر کے بعد اینڈرائیڈ 5.0 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ ورژنز پر کام کرنے والے فونز پر ہی واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
واٹس ایپ کے ایف اے کیو پیج کے مطابق ابھی اینڈرائیڈ 4.1 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز پر واٹس ایپ کو استعمال کیا جا سکتا ہے، مگر 24 اکتوبر 2023 سے صرف اینڈرائیڈ 5.0 یا اس کے بعد کے ورژنز پر ہی میسجنگ ایپ کے لیے سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یعنی اینڈرائیڈ 4.1 یا اینڈرائیڈ 5.0 سے قبل کے تمام آپریٹنگ سسٹمز کے لیے واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔ واٹس ایپ نے اپنے ایف اے کیو پیج میں مزید بتایا کہ جب کسی آپریٹنگ سسٹم کے لیے سپورٹ ختم کی جاتی ہے تو صارفین کو وقت سے پہلے آگاہ کیا جاتا ہے اور اپ گریڈ کا مشورہ دیا جاتا ہے۔