‘ اسرائیل کو نسل پرست ریاست بولو’: فاطمہ بھٹو، ملالہ پر برس پڑیں


کراچی(قدرت روزنامہ) ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں الاھلی اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی جس کے بعد معروف پاکستانی مصنفہ فاطمہ بھٹو نے اُنہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔گزشتہ شب (17 اکتوبر کو) غزہ شہر کے الاہلی عرب اسپتال پر اسرائیلی قوج کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
غزہ میں قائم اسپتال اسرائیل کے راکٹ حملے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے جبکہ اطراف میں شدید آگ بھی لگی ہوئی ہے، وزارت صحت کے مطابق اسپتال زخمی اور بیمار مریضوں سے پہلے ہی بھرا ہوا تھا۔
ملالہ یوسف زئی نے غزہ کے اسپتال پر حملے کی مذمت کی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں ملالہ نے کہا کہ میں غزہ میں الاھلی ہسپتال پر بمباری دیکھ کر خوفزدہ ہوں اور اس کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔
ملالہ نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ میں انسانی امداد بھیجنے کی اجازت دے اور جنگ بندی کی جائے۔معروف پاکستانی مصنفہ فاطمہ بھٹو نے ملالہ کے ویڈیو بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘آپ اسے وہی بولیں جو ہے یعنی فلسطینیوں کی نسل کشی’۔


فاطمہ بھٹو نے ملالہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ‘اسرائیل کو اس کے نام سے پکاریں یعنی نسل پرست ریاست’۔واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسپتال پر ہونے والے حملے میں کم از کم 500 افراد شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول میں موجود پناہ گزینوں کو بھی نشانہ بنایا۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ کے الاحلی اسپتال پر فضائی حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ غزہ میں حماس حکومت کے میڈیا آفس نے اسپتال پر حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔