8 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی شراب دبئی سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ نے کارروائی کرتے ہوئے 8 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی شراب کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بین الاقوامی آمد لاؤنج پر تعینات کسٹمز ایئرپورٹ کلکٹریٹ کے عملے نے دبئی سے نجی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی پہنچنے والے محمد ثاقب نامی مسافر کے سامان کی تلاشی لی۔
گرین چینل استعمال کرتے ہوئے لاؤنج سے باہر جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو عملے نے شک کی بنیاد پر روک کر اس کے سامان کی اسکیننگ کی۔
مسافر کے سوٹ کیس میں شراب کی بوتلوں کی نشاندہی ہوئی جس پر اس کے سامان کو کسٹمز ایگزامینیشن کاؤنٹر پر منتقل کرکے مسافر کی موجودگی میں ہی سوٹ کیس سے 30 بوتل اعلیٰ اقسام کی شراب برآمد کی۔ ترجمان پاکستان کسٹمز کے مطابق برآمد شدہ شراب کی 30 بوتلوں کی کل مالیت 8 لاکھ روپے ہے۔ ملزم کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔