پنجاب اسمبلی بھرتی کیس؛ پرویز الٰہی کی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنیکی استدعا مسترد


لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب اسمبلی بھرتی کیس میں پرویز الٰہی کی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویزالٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے مقدمے میں ٹرائل کورت کی جانب سے ضمانت کا فیصلہ واپس لینے کے معاملے پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی۔
عدالت نے پرویز الٰہی کی درخوست پر سماعت کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ، جب کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔
دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ریاست کے کیسز میں فوری حکم امتناع جاری کیا جاتا ہے ۔ پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ٹرائل کورٹ کے جج کے پاس ضمانت واپس لینے کا اختیار نہیں ہے۔
جسٹس تنویر سلطان نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی ۔