ڈالر کو دوبارہ ریورس گیئر لگ گیا، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں قیمت کم


کراچی(قدرت روزنامہ)امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں ایک بار پھر ریورس گیئر پر آگیا، جس سے کرنسی ایکسچینج کی دونوں مارکیٹوں میں قیمت کم ہو گئی۔رواں کاروباری ہفتے کے آغاز ہی سے ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر بڑھنے کا سلسلہ جاری تھا، تاہم جمعرات کے روز ڈالر کی قیمت انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں کم ہو گئی۔
جمعرات کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر ایک روپے 86 پیسے کی کمی سے 278 روپے 42 پیسے کی سطح پر آ گئی، تاہم اتار چڑھاؤ کا رجحان جاری رہنے سے دوپہر تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مجموعی طور پر 2.38 روپے کم ہوکر 277.90 پیسے ہو چکی ہے۔
دریں اثنا اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی آج ڈالر 2 روپے کی کمی سے 279 روپے کا ہوگیا۔ دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز مندی کے بعد آج صبح سے تیزی کا رجحان ہے۔ پی ایس ایکس میں 320 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 49752 پوائنٹس کی سطح پر آ چکا ہے۔