فلسطین کی حفاظت کیلئے فوج بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال پر ہر شخص تشویش میں مبتلا ہے، پاکستان نے فلسطین کی حفاظت کے لیے فوج بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔دفتر خارجہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کی بات کی، توقع ہے کہ یو این سیکیورٹی کونسل غزہ کی صورتحال پر خاطر خواہ اقدامات کرے گا۔
ممتاز زہرابلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی اعلامیے کا خیر مقدم کرتا ہے، اعلامیے میں غزہ کی ناکہ بندی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔ غزہ معاملے پر ترکیے کی جانب سے گارنٹر کی بات کی گئی، گارنٹر پلان سے امن آتا ہے تو پاکستان خیر مقدم کریگا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر ہر شخص تشویش میں مبتلا ہے۔ بھارت نے فلسطین کی صورتحال پر جو موقف اپنایا، انکا اندرونی معاملہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی تاریخ دی ہے۔ کسی بھی ملک میں غیر قانونی نہیں رہا جاسکتا۔
افغاستان میں آنے والے زلزلوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکومت کو زلزلہ متاثرین کیلئے امداد بھیجنے کی پیشکش کی ہے۔ افغان حکومت سے کہا ہے کہ پاکستان امدادی سامان بھیجے گا، ضروریات کا بتائیں۔
بھارت کی میزبانی میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بھارت میں ہے، کھلاڑیوں کو بہتر ماحول دینا بھارت اور آئی سی سی کی ذمہ داری ہے۔ پاکستانی شائقین ویزہ نہ ملنے پر ورلڈ کپ میچز دیکھنے سے محروم ہیں۔