راولپنڈی(قدرت روزنامہ) نگراں وزیر اعظم کی مشیر برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی دہشت گردی دنیا بھر میں پھیل رہی ہے . راولپنڈی چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ گزشتہ 12 روز سے فلسطین پر قیامت ٹوٹی ہوئی ہے .
ہر کوئی خون کے آنسو رو رہا ہے . روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی فوج فلسطینی بچوں کو قتل کر رہی ہے . ہر 15 منٹ بعد ایک فلسطینی بچے بچہ شہید ہو رہا ہے . 12 روز سے فلسطینی کھانے پینے کی اشیاء،ادویات اور پانی کی ترسیل سے محروم ہیں .
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے وائٹ فاسفورس کا استعمال کرکے فلسطینی عوام کی پراپرٹی کو تباہ کیا جا رہا ہے . دنیا اسرائیل پر معاشی اور دفاعی پابندی لگائے . اسرائیل اور بھارت جو کرتے ہیں وہ دنیا میں کبھی نہیں دیکھا . فلسطین اور کشمیر کھلی جیل ہیں،سب سے زیادہ جینوسائیڈ فلسطین میں ہو رہا ہے . اسرائیلی افواج ہر جنگ میں فلسطینی بچوں کو قتل کرنے کے واقعات بڑھا رہی ہے .
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ فلسطین میں 5 سے 6 ہزار لوگ شہید کیے جا چکے ہیں . اسرائیلی جارحیت کے دنیا پر بڑے اثرات آنے والے ہیں . پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی اثرات آئیں گے . اسرائیل نے ایک نئی مثال قائم کی کہ وہ جو مرضی کرے، دنیا اسے کچھ نہیں کہہ سکتی اور نہ روک سکتی ہے . دنیا سے کوئی مضبوط و توانا آواز نہیں آ رہی جو اسرائیل کو روک سکے . انہوں نے سوال کیا کہ کیا دنیا میں کوئی بھی نہیں جو اسرائیل کو جنگی جرائم سے روک سکے؟ .
نگراں وزیراعظم کی مشیر انسانی حقوق نے غزہ کے اطراف کی سرحدوں کو کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مبصرین کو وہاں تک جانے کی اجازت دی جائے . پاکستانی عوام فلسطینیوں اور کشمیری عوام کے ساتھ ہیں . فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے . نیتن یاہو،مودی کا نیکسس ایکسپوز ہو رہا ہے . فلسطینی عوام کو کہا جا رہا ہے کہ یہاں سے نکل جائیں . انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کیوں اپنی جگہ چھوڑیں .
مشعال ملک نے کہا کہ افغانستان میں ایک سال میں جو کچھ کیا گیا، فلسطین میں کارپٹ بمبنگ کرکے 2 دن میں اتنا نقصان کر دیا گیا . ہندوتوا کے ذریعے دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے . جنیوا معاہدے کی کھلی خلاف ورزیاں جاری ہیں . اس معاملے میں صرف مذمت کافی نہیں،امن افواج کہاں ہیں؟ . دنیا میں مذہبی ہم آہنگی کے قائدین کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے .
انہوں نے کہا کہ فلسطین جنگ کو روکنے کے لیے دنیا بھر سے آواز آئی چاہیے . فلسطین جنگ نہ رُکی تو عالمی معیشت تباہ ہونے کے خدشات موجود ہیں . پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہے . یہ معاملہ رکنے والا نہیں ہے . اسرائیل کی دہشت گردی دنیا بھر میں پھیل رہی ہے .