ثنا خان تنقید کے بعد بالآخر فلسطین کے حق میں بول پڑیں


ممبئی(قدرت روزنامہ)مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان بھی فلسطین کی حمایت میں سامنے آگئیں۔اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ سمیت بھارت کے بھی کچھ اداکار ایسے ہیں جنہوں نے فلسطین کی حمایت کی ہے جن میں سونم کپور، سوارا بھاسکر اور گوہر خان شامل ہیں جبکہ سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے اسرائیل کی جارحیت پر بالکل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی۔
ثنا خان کو اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموش رہنے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ساتھ ہی کئی مداحوں نے تو ثنا خان کو سوشل میڈیا سے اَن فالو بھی کردیا تھا۔
صارفین کا کہنا تھا کہ ثنا خان کو بھارت کا خوف ہے، وہ بزدل ہیں اور اُنہیں ڈر ہے کہ اگر فلسطین کے حق میں کچھ بولا تو اُن کا یوٹیوب چینل بند ہوجائے گا۔
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا شکار ہونے کے بعد ثنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ایک معصوم فلسطینی بچے کی ویڈیو شیئر کی جو اسرائیلی فوج کی بمباری کی وجہ سے شدد خوف میں مبتلا کانپ رہا تھا۔

ثنا خان نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘بےرحم اور بےشرم لوگوں نے اسپتال اور معصوم بچوں پر حملہ کیا، اور وہ اسے دفاع کہتے ہیں، ایسے درندہ صفت لوگوں نے ہمیشہ کے لیے جہنم میں اپنے لیے ایک خاص جگہ بنالی ہے’۔
اُنہوں نے اپنی اگلی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ‘میں فلسطین کے ساتھ کھڑی ہوں، آج، کل اور ہمیشہ’۔

واضح رہے کہ غزہ کے الاحلی اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں شدید غم و غصہ ہے اور صیہونی فوج کے بھیانک و انسانیت سوز جنگی جرم کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بدترین اور وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3700 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ایک ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔
اسرائیل کے وزیردفاع یووگیلینٹ نے “جنگ طویل اور سخت” ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے فوج سے کہا ہے کہ ’’آپ غزہ کو دور سے دیکھتے ہیں، اب آپ اندر سے دیکھیں گے‘‘۔