ورلڈکپ؛ آسٹریلیا نے پاکستان کو 368 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیدیا


بنگلور (قدرت روزنامہ)آئی سی سی ورلڈکپ کے 18ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو فتح کے لیے 368 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔ بنگلور کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 259 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی تاہم مارش 109 گیندوں 9 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 121 جبکہ ڈیوڈ وارنر 124 گیندوں پر 9 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 163 بناکر آؤٹ ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 7، جوش انگلس 13، مارکس اسٹونس 13 اور گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ بعدازاں آسٹریلیا نے پورے اوور کھیلتے ہوئے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5، حارث رؤف نے 3 جبکہ اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاداب خان کی جگہ اسامہ میر پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔اس موقع پر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف میچ اہم ہے، کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، اسامہ میر، محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف
آسٹریلیا کا اسکواڈ
کپتان پیٹ کمنز، مچل مارش، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، جوش انگلس، گلین میکسول، مارکس اسٹونس، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ