شلپا شیٹھی اور راج کندرا کے درمیان علیحدگی ہوگئی؟ مداح تجسس کا شکار


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی دراز قد اور خوبرو اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا نے سوشل میڈیا پر علیحدگی سے متعلق بیان جاری کرکے مداحوں کو پریشان کردیا۔
راج کندرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ ‘ہم نے علیحدگی اختیار کر لی ہے اور آپ سے گزارش ہے کہ اس مشکل وقت میں ہمیں اکیلا رہنے دیں’۔


اس بیان میں راج کندرا نے ہاتھ جوڑنے اور دل ٹوٹنے والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا جس کے بعد اس جوڑی کے مداح پریشان ہوگئے۔
بھارتی صحافی نے راج کندرا سے سوال کیا کہ ‘علیحدگی کا مطلب طلاق ہوگئی؟”


ایک صارف نے کہا کہ ‘اگر آپ دونوں کی طلاق ہوگئی ہے تو یہ شلپا شیٹھی کے لیے بہت اچھا فیصلہ ہے’۔


ایک اور صارف نے کہا کہ ‘ہمیں پہلے دن سے ہی اس بات کا علم تھا’، جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ‘یہ چونکا دینے والی خبر ہے’.


راج کندرا کے بیان پر کئی مداحوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے اس طرح کے بیان جاری کررہے ہیں۔تاہم، مداحوں کے سوالات پر ابھی تک راج کندرا اور شلپا شیٹھی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں راج کندرا کی ڈیبیو فلم “یوٹی 69″ کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے، اس فلم کی کہانی راج کندرا کے جیل میں گزارے گئے وقت پر مبنی ہے۔
شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا نے فحش فلمیں بنانے کے کیس میں سال 2021 میں جیل میں دو ماہ گزارے تھے، جیل سے رہائی کے بعد اُنہوں نے اس پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔