پاکستان

عوام نے موقع دیا تو پھر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے: اسحاق ڈار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عوام نے موقع دیا تو پھر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پانامہ ایک ڈرامہ تھا، ایک بندے کو ملک پر مسلط کرنا تھا وہ کر دیا گیا، 24 ویں معیشت کو 47 ویں معیشت بنا کر ملک کا بیڑا غرق کیا گیا، معیشت کو ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے، کوئی جادو کی چھڑی نہیں جو گھماتے ہی پوری معیشت ٹھیک ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے ن لیگ کو دوبارہ منتخب کیا تو ہمارا معاشی پلان وہی ہوگا جو ماضی میں تھا، ہمارے 16 ماہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے تھے، پچھلی حکومت ایک سو منزلہ عمارت میں آگ لگا گئی تھی، وہ آگ 98 ویں منزل تک پہنچ چکی تھی۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز تو پہلے ہی بری ہوچکی ہیں، نوازشریف کے کیس کے بھی اب تمام شواہد آچکے ہیں، نوازشریف کے خلاف جھوٹے مقدمات تھے، انشاء اللہ وہ بھی سرخرو ہوں گے۔

متعلقہ خبریں