پنجاب

آج پاکستان اور خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوگا : مریم اورنگزیب


لاہور (قدرت روزنامہ) لیگی رہنما مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوگا،نوازشریف وزیراعظم تھے، ہیں اور چوتھی باربھی بنیں گے۔لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک سے قافلے لاہورجلسہ گاہ کی جانب گامزن ہیں ، پاکستان کے عوام مشکلات میں گھری ہوئی ہے، نوازشریف کی آمد عوام کیلئے خوشحالی کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی نظر آج صرف اور صرف نوازشریف پر لگی ہوئی ہیں ، شہبازشریف نے 16ماہ میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ایوان وزیراعظم کے دروازے نوازشریف کیلئے 21اکتوبر کو کھل گئے ہیں، لوگ مینار پاکستان کی طرف نظر لگائے بیٹھے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج 2بجے سندھ اور کوئٹہ کی ٹرین یہاں پہنچے گی، نوازشریف کا آنا پاکستان کیلئے نئے عروج،خوشحالی اور ترقی کی نوید لیکر آرہا ہے، 2017میں مہنگائی ملک کی کم ترین سطح پر تھی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف ائیر پورٹ سے سیدھا جلسہ گاہ آئیں گے، پاکستان آج نئی تاریخ لکھنے جارہا ہے ، آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوگا، مینار پاکستان میں پورا ملک نوازشریف کا استقبال کرے گا۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہناتھا کہ پاکستان کا بیٹا نوازشریف واپس آرہے ہیں، شہبازشریف نے واضح کہا تھا کہ ٹریفک کی روانگی سے لاہوریوں کو کوئی تکلیف نہ ہو، ہم نے جلوسوں کو روٹس دیئے ہوئے ہیں، نظم و ضبط کے ساتھ جلوس آئیں گے ، ہم عوام کو آسانیاں دینے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کی عزت کرتے ہیں، ہم اپنے سیاسی مخالفین کو گالی نہیں دیتے اور تمام سیاسی جماعتوں کے مؤقف کی عزت کرتے ہیں ، نوازشریف کی آمد ہے، مریم نواز،حمزہ شہباز 3بجے پنڈال میں آجائیں گے۔

متعلقہ خبریں