مسلمان ہونے کی حیثیت سے میرا یقین ہے فتح فلسطین کی ہوگی، ثنا خان


ممبئی(قدرت روزنامہ) مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے کہا ہے کہ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے میرا یقین ہے فتح فلسطین کی ہوگی۔
ثنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ روتے ہوئے اسرائیل کے ہاتھوں دہشت گردی کا شکار ہونے والے معصوم فلسطینیوں کے لیے دُعا کررہی ہیں۔

View this post on Instagram

A post shared by Saiyad Sana Khan (@sanakhaan21)


اُنہوں نے اپنی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘کوئی ساتھ دے یا نہ دیں لیکن اللہ فلسطین کے ساتھ ہے، میں بہت بےبس ہوں لیکن ان حالات میں ہم صرف دُعا ہی کرسکتے ہیں’۔
ثنا خان نے کہا کہ ‘معصوم لوگ اور معصوم بچوں کا قتل کیا جارہا ہے، اقتدار میں رہنے والوں فلسطین میں ہونے والی نسل کشی کو روکنے کے لیے کچھ کرلو’۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘وہ اُن کی زمینوں پر قبضہ کرکے اور معصوم لوگوں کا روازنہ کی بنیاد پر قتل کرکے خود کو مظلوم دِکھا رہے ہیں’۔
ثنا خان نے مزید کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ فلسطین کی فتح ہوگی، میں آج، کل اور ہمیشہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہوں اور پوری اُمت مسلمہ کے ساتھ کھڑی ہوں’۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ثنا خان کو اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموش رہنے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ساتھ ہی کئی مداحوں نے تو ثنا خان کو سوشل میڈیا سے اَن فالو بھی کردیا تھا۔
صارفین کا کہنا تھا کہ ثنا خان کو بھارت کا خوف ہے، وہ بزدل ہیں اور اُنہیں ڈر ہے کہ اگر فلسطین کے حق میں کچھ بولا تو اُن کا یوٹیوب چینل بند ہوجائے گا۔
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا شکار ہونے کے بعد ثنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ایک معصوم فلسطینی بچے کی ویڈیو شیئر کی جو اسرائیلی فوج کی بمباری کی وجہ سے شدد خوف میں مبتلا کانپ رہا تھا۔