فاروق ستار کی مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کو ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس پر اچھے لوگوں کی ٹیم بنانا ضروری ہے، ملک میں مشترکہ قومی ایجنڈےکی ضرورت ہے۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں اسی قومی ایجنڈے پر بات ہوئی، مفتاح اسماعیل نے مشترکہ قومی ایجنڈے کی ضرورت کو ناگزیز قرار دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ کراچی کو اپنائیں گے، بنائیں گے، بچائیں گے تو سمجھیں پاکستان کو بنایا، بچایا اور اپنایا، مفتاح اسماعیل کا معاشی ویژن بہت وسیع ہے، مفتاح نے کہا ہے وہ سوچ کر جواب دیں گے۔ ذرائع کے مطابق فاروق ستار اور مفتاح اسماعیل میں ملاقات دو روز قبل مفتاح اسماعیل کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔