کابینہ ڈویژن کی وزارتوں کو جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) کابینہ ڈویژن نے وزارتوں کو جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کو مراسلہ جاری کر دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نام سے آنے والی ای میلز اور فون کالز جعلی بھی ہو سکتی ہیں، جے ایس کوآرڈینیشن اور پی ایم آفس کی آئی ڈی سے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کو جعلی ای میلز بھیجی جا رہی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں واٹس ایپ سے بھی جعلی پیغامات بھیجے گئے ہیں، پی ایم آفس اور ایس آئی ایف سی سیل سیکریٹریٹ کے جعلی ایڈریس سے مختلف وزارتوں کو پیغامات بھیجے گئے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس تمام معاملے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کی جا رہی ہیں، جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر ایس آئی ایف سی، پی ایم سیکریٹریٹ جاوید اور شہزاد احمد کی کالز اور ان کی فائلوں کو ڈاؤن لوڈ نہ کیا جائے۔
کابینہ ڈویژن نے کہا کہ شہزاد احمد کے نام سے آؤٹ لک ایڈریس والی ای میلز اور واٹس ایپ کو نہ کھولا جائے، ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کے حوالے سے ای میلز کو بھیجنے والے سے تصدیق کر کے کھولا جائے۔ مراسلے کے مطابق تمام سسٹمز میں اینٹی وائرس انسٹال کیا جائے، جن وزارتوں نے پریس سیکریٹری وزیرِ اعظم آفس کی 3 اگست 2022ء کی ای میل کھولیں وہ اس آئی پی ایڈریس کو بلاک کریں۔