لاہور میں پی ٹی آئی کنونشن پر پولیس کا دھاوا، درجنوں کارکن گرفتار


لاہور (قدرت روزنامہ) کاہنہ کے علاقے میں ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے باوجود پولیس نے تحریک انصاف کے کنونشن پر دھاوا بول دیا۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کاہنہ میں کنونشن کے مقام سے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اہلکاروں نے کریک ڈاؤن کرکے کنونشن کیلئے جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے 55 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے کنونشن منعقد کرنے والے رہنما کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا۔ پولیس نے دفتر کے شیشے توڑ دیے اور پی ٹی آئی کے لگے فلیکس اور پوسٹر بھی پھاڑ دیے۔واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو حلقہ این اے 123 کاہنہ میں 22 اکتوبر کو جلسے کی اجازت دی ہے۔
پہلے پہل لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس پر پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو اجازت نہیں تو پھر کسی کو بھی جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔