فلسطینیوں کی حمایت پر باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال کو سنگین دھمکیاں موصول


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستانی نژاد سابق برطانوی باکسر عامر خان کی اہلیہ فریال مخدوم کو فلسطین کے مظلوموں کی آواز بننے پر سنگین دھمکیاں موصول ہونے لگیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی بااثر فرد کو غزہ پر ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے کے نتیجے میں دھمکیاں موصول ہوئی ہوں بلکہ اس سے قبل فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈلز بہنوں کی جوڑی جیجی اور بیلا حدید کو بھی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس کے نتیجے میں انہیں اور اہلِ خانہ کو فون نمبرز تبدیل کرنے پڑے۔
فریال مخدوم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے موصول ہونے والے دھمکی کا اسکرین شارٹ شیئر کیا جو انہیں نامعلوم امریکی نمبر کی جانب سے ارسال کیا گیا تھا جبکہ ڈی پی پر مخصوص اسرائیلی نشان آویزاں ہے۔
8 2 2 172x300
موصول ہونے والی دھمکی میں کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل کی حمایت اور فلسطین کے حوالے سے پوسٹنگ بند کر دیں تو فائدہ ملے گا اور اگر ایسا نہ کیا گیا یا اس بارے میں کسی کو بتایا گیا تو سنگین نتائج کے لیے تیار ہو جائیں۔
انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے یہ دھمکی گزشتہ رات موصول ہوئی اور انہیں لگتا ہے کہ وہ اس طرح مجھے سچ کہنے سے روک دیں گے۔
خیال رہے کہ سابق باکسر عامر خان کی اہلیہ سوشل میڈیا پر ابتداء سے ہی غزہ پر اسرائیلی حملوں اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے سرگرم ہیں اور ان کی حمایت میں پوسٹس شیئر کر رہی ہیں، جس کے باعث انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
8 3 1 172x300
فریال مخدوم نے انسٹا اسٹوری میں ایک اور اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے، جس میں انہیں ایک صارف کی جانب سے فلسطینیوں کی آواز بننے اور اسرائیل کی مخالفت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔صارف کو تنقید کا کڑا جواب دیتے ہوئے فریال مخدوم نے لکھا ہے کہ مغربی میڈیا پر کیے جانے والے دعوے ثابت نہیں ہو سکے، وائٹ ہاؤس نے بھی تمام خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے حماس کو مزاحمتی گروپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی آپ کے گھر میں گھس کر آپ کو اور اہلِ خانہ کو نقصان پہنچائے، آپ کو آپ کے ہی گھر سے بے داخل کرے تو آپ بھی ویسے ہی مزاحمت کریں گے جیسے حماس کر رہی ہے۔