مغربی پابندیوں کے باوجود روس دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈینیلا گینچ نے کہا ہے کہ مغربی پابندیوں کے باوجود روس دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے، معاشی لحاظ سے ہم جرمنی سے آگے نکل گئے ہیں۔
پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، تاہم تجارت کیلئے پاکستانی حکومت نے اب تک متبادل ادائیگی نظام بنانے میں دلچسپی نہیں لی، روس غزہ میں جنگ بندی چاہتا ہے اس کیلئے ہم کوشش کررہے ہیں۔
جنگ بندی کیلئے روسی قرارداد کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ویٹو کیا، غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت ہے،اسرائیل شہریوں پر حملے بند کرے،وہ کراچی میں پاکستان کونسل آف فارن ریلیشن کے تحت کونسل کے سیکریٹری جنرل احسن مختار زبیری کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر کونسل کے سیکریٹری جنرل احسن مختار زبیری، چیئرمین حسن حبیب اور روس میں سابق پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ نے بھی خطاب کیا، ڈینیلا گینچ نے کہا کہ روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان سے دیرینہ تعلقات ہیں، اپنے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے بھی راغب کریں گے۔
پاکستانی تاجروں اور صنعت کاروں کو بھی مشترکہ منصوبوں کیلئے کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ روس پر مغربی پابندیوں کے بعد دونوں ملکوں میں تجارت بڑھانے کیلئے ادائیگیوں کا متبادل نظام ضروری ہے۔
روسی سفیرنے یوکرائن جنگ کے حوالے سے کہا کہ روس نے فوجی آپریشن اس وقت شروع کیا تھا، جب امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے ہمارے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا تھا۔
امریکہ نے تمام وعدے توڑتے ہوئے نیٹو کو مشرقی یورپ میں توسیع دی، اور اب ہماری سرحدوں تک آرہے تھے،ماسکو میں سابق سفیر قاضی محمد خلیل اللہ نے کہا کہ دنیا کو ملٹی پولر بنانے کیلئے روس کا کردار اہم ہے، روس کے دباو کی وجہ سے اسرائیل کے ہاتھ کچھ بندھے ہوئے ہیں، ورنہ وہ غزہ میں اس سے زیادہ تباہی لاتا۔