مدت ختم ہوتے ہی غیرقانونی مقیم افراد کو چن چن کر نکالیں گے، بلوچستان حکومت


نگراں بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ مدت ختم ہوتے ہی غیرقانونی مقیم افراد کو چن چن کر نکالا جائے گا، یہ لوگ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، غیر قانونی ایرانی ڈیزل ہو اور افغان سامان کی آمد بھی بند کردی ہے۔
یہ بات نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کراچی پریس کلب میں نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئیر حارث نواز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھرسے غیر ملکیوں کو نکالنے میں ایک ہفتہ رہ گیا ہے، بلوچستان حکومت غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو چن چن کر نکالے گی، ہم نے ایگزٹ پوانٹ قائم کردیئے ہیں اور کیمپ بھی بنائے جارہے ہیں جو غیرملکی نہیں جارہے انہیں گرفتاری اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جان اچکزئی نے کہا کہ ریاست کو غیر قانونی مقیم افراد سے متعلق تشویش ہے کیوں کہ یہ لوگ غیرقانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں، تمام تر وفاقی ادارے اس سلسلے میں اپنا کام کر رہے ہیں، سندھ کے وزیر داخلہ سے آج اس لیے ملاقات بھی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مشترکہ کوششیں کرتے ہوئے کوسٹل ہائی وے کو محفوظ بنارہے ہیں، انٹری ایگزٹ پوائنٹ کو محفوظ بنارہے ہیں، یہ قومی ایشو ہے، غیر قانونی ایرانی ڈیزل ہو یا افغان سامان ہم نے سب کی وطن آمد روک دی ہے۔
نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئیر (ر) حارث نواز نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد کو پہلی تاریخ تک کا وقت دیا ہے وہ رضاکارانہ طور پر ملک سے چلے جائیں، جو رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ رجسٹرڈ کروالیں ہم انہیں واپسی میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے تمام ڈیٹا لے لیا ہے یہ یہ آپریشن صرف افغانیوں کے خلاف نہیں تمام غیرملکیوں کے خلاف ہے، یہ آپریشن غیر قانونی انڈین بنگالیزکے خلاف بھی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ سیاسی جماعتیں غیر قانونی مقیم لوگوں کی سرپرستی نہ کریں جس نے کوشش کی مطلب ریاست کے خلاف کام کیا، بلوچستان میں ہائی ویز کو بلاک کرنے کا عمل برداشت نہیں کریں گے، قبائلی تنازعات کو قبائلی طریقے سے حل کریں گے۔