نواز شریف کی پیشی پر جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی سخت، کمرہ عدالت کی تلاشی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پیشی سے قبل عدالتوں کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے جب کہ احتساب عدالت میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کمرہ خالی کروا کر تلاشی بھی لی۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی سے قبل عدالت اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حفاظتی انتظامات کے تحت پولیس اہل کاروں کو احاطہ عدالت اور اطراف میں تعینات کردیا گیا ہے۔
ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کیسز کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈھائی بجے کے بعد ہوگی۔ کیس کی سماعت ریگولر بینچ کے بعد خصوصی ڈویژن بینچ کرے گا، جس میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔ قبل ازیں عدالت نے آج تک نواز شریف کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
دریں اثنا احتساب عدالت میں نواز شریف کی پیشی سے قبل اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور جوڈیشل کمپلیکس سے جی الیون سگنل تک پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے، جو پارٹی قائد کے حق میں نعرے بازی کررہی ہے۔
نواز شریف آج توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، جہاں بم ڈسپوزل کے عملے نے کمرہ عدالت مکمل خالی کروا کر تلاشی لی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر توشہ خانہ کیس کی سماعت کریں گے، جس کے لیے عدالت نے نواز شریف کو ایک سے ڈیڑھ بجے کا وقت دیا ہے۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت کے باہر لیگی وکلا اور رہنماؤں کی آمد جاری ہے۔ اس موقع پر لیگی رہنما سینیٹر افنان اللہ، نہال ہاشمی و دیگر بھی موجود تھے۔ نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔ انتقام نہیں انصاف ہونا چاہیے۔ انصاف کے لیے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور عدالتیں موجود ہیں۔
نواز شریف کے وکیل نے عدالت میں 3 درخواستیں دائر کی ہیں، جس میں توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضم شدہ پراپرٹی کو ریلیز کرنے کی درخواست کی گئی ہے، علاوہ ازیں توشہ خانہ کیس میں پلیڈر مقرر کیے جانے کی استدعا شامل ہے جب کہ عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی ہے۔ نواز شریف کی جانب سے قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ نے درخواستیں دائر کی ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ شب کشمیر پوائنٹ میں اپنی رہائش گاہ پر قیام کیا۔ لیگی قائد کے گزشتہ رات مری پہنچنے پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے استقبال کیا گیا تھا۔